نوشہرہ(انورزیب خان سے)
پی ٹی آئی کی انٹرنل اکاونٹیبلٹی کمیٹی نے اسٹریٹ لائٹس کے لوازمات کی سپلائی اور تنصیبِ نو کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ بلدیات مینا خان کو خط ارسال کر دیا۔خط کے مطابق پی ٹی آئی احتساب کمیٹی تین اراکین پر مشتمل ہے، جسے بانی پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے عوامی نمائندوں کے احتساب کے لیے تشکیل دیا تھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ صحت کے مسائل کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔کمیٹی کے مطابق اسے اسٹریٹ لائٹس منصوبے میں مبینہ غلط خریداری سے متعلق شکایت موصول ہوئی، جس میں 32 بولی دہندگان میں سے 31 کو تکنیکی بولی کی جانچ کے دوران نااہل قرار دے دیا گیا، جبکہ صرف ایک بولی دہندہ کو اہل قرار دیا گیا۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ جانچ سے معلوم ہوا کہ اہل قرار دیا گیا بولی دہندہ اسی خریداری کرنے والے محکمے کی جانب سے پہلے ہی بلیک لسٹ کیا جا چکا تھا۔پی ٹی آئی کی انٹرنل اکاونٹیبلٹی کمیٹی نے وزیرِ بلدیات کے دفتر کی جانب سے محکمانہ انکوائری کا حکم دینے کے فوری اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو معلومات فراہم کرنے کے لیے کمیٹی چند تجاویز پیش کر رہی ہے۔خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حقائق معلوم کرنے والی انکوائری کے نتائج عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ حکومت کے خلاف کسی بھی پروپیگنڈے کی حوصلہ شکنی ہو سکے، جبکہ غلط خریداری میں ملوث افراد کے خلاف مناسب کارروائی بھی یقینی بنائی جائے۔


