تہران :ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا یا اسرائیل کی جانب سے ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنے کی کوئی بھی کوشش ناکامی سے دوچار ہوگی اور ایرانی قوم کبھی بھی ایسے رویے کو قبول نہیں کرے گی۔
بدھ کے روز تہران کے ایمرجنسی سروسز کے حکام کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پزشکیان نے کہا کہ تہران جنگ یا عدم استحکام کا خواہاں نہیں ہے۔
اس کے بجائے صدر نے کہا کہ ’[ایران] نے ہمیشہ مختلف ممالک کے ساتھ تعمیری بات چیت اور روابط کی ضرورت پر زور دیا ہے۔‘
ایرانی میڈیا کے مطابق ان کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت اگلے دو دنوں میں پاکستان میں دوبارہ شروع ہو سکتی ہے، تاہم تہران کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے ایک سفارتی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ مزید مذاکرات کے حوالے سے ’کوئی معلومات نہیں۔‘

