برسبین: کوئینز لینڈ کے سرکاری نشان اور آسٹریلیا کے سب سے مشہور ڈائنا سار ‘مٹابراسارس’ کی اصلیت کے بارے میں اب تک جو ہم جانتے تھے، وہ ادھورا تھا۔ یونیورسٹی آف نیو انگلینڈ کے ماہرین نے اس عظیم الجثہ جانور کی 1,300 نئی ہڈیوں کا تجزیہ کرنے کے بعد انکشاف کیا ہے کہ اس کی شکل و صورت اب تک بنائے گئے خاکوں سے بالکل مختلف تھی۔
ماہرِ حیوانیات ڈاکٹر میٹ ہرنے (Dr. Matt Herne) کے مطابق، مٹابراسارس کے بارے میں اب تک یہ سمجھا جاتا تھا کہ اس کے سامنے کے حصے میں دانت نہیں تھے، لیکن نئی ہڈیوں کے جوڑ نے ثابت کیا ہے کہ اس ڈائنا سار کے چہرے کے عین سامنے والے حصے میں دانت موجود تھے، جو اسے پہلے سے زیادہ منفرد بناتے ہیں۔
اس کا منہ چوڑا یا بطخ کی طرح چوڑا نہیں تھا، بلکہ اس کی تھوتھنی (Muzzle) کافی تنگ اور نوکیلی تھی۔
جدید سی ٹی اسکینز سے معلوم ہوا کہ اس کی ناک میں ہوا کے گزرنے کے پیچیدہ راستے تھے، جس کا مطلب ہے کہ اس کے سونگھنے کی حس غیر معمولی حد تک تیز تھی، جو اسے شکاریوں سے بچنے اور خوراک تلاش کرنے میں مدد دیتی تھی۔
60 سال بعد ملنے والا ‘missing link’
یہ تحقیق ایک 3D پہیلی کی طرح تھی۔ 1963 میں پہلی بار دریافت ہونے والے اس ڈائنا سار کی ہڈیاں جس جگہ سے ملی تھیں، وہ مقام نقشوں پر غلط نشان زد تھا۔ ڈاکٹر میٹ نے 2019 میں کئی ہفتوں کی تلاش کے بعد اصلی مقام ڈھونڈ نکالا اور 2020 میں وہاں سے 1,300 مزید ہڈیاں برآمد کیں، جن میں سے کچھ ہڈیاں 60 سال پرانی کھوپڑی کے ساتھ بالکل فٹ بیٹھ گئیں۔
سوشل میڈیا پر اس ڈائنا سار کے نئے سائنسی خاکے سامنے آتے ہی بحث چھڑ گئی ہے۔ جہاں سائنسدان اسے اب تک کی "درست ترین سائنسی تصویر” قرار دے رہے ہیں، وہیں کچھ صارفین اور آرٹسٹ اس کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ انٹرنیٹ پر بہت سے لوگوں نے مٹابراسارس کے نئے روپ کو ایک "سُکڑی ہوئی مرغی” (Shrivelled Chicken) سے تشبیہ دی ہے۔
تاہم، اسکاٹ ہاکنل کا کہنا ہے کہ "سائنس مذاق نہیں ہوتی، یہ برسوں کی محنت کا نچوڑ ہے اور اب میوزیمز کو اپنی نمائشیں اپ ڈیٹ کرنی ہوں گی۔”
کوئینز لینڈ کے برسبین، مٹابرا اور ہیوگنڈن کے میوزیمز میں نصب مٹابراسارس کے ڈھانچوں اور ماڈلز کو اب نئے حقائق کے مطابق تبدیل کیا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دریافت ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ 10 کروڑ سال پہلے یہ جانور کیسے حرکت کرتے تھے اور کس طرح اپنے ماحول میں زندہ رہتے تھے۔
10 کروڑ سال پرانا معمہ حل: آسٹریلیا کے مشہور ڈائنا سار کا ‘نیا چہرہ’ سامنے آگیا، 1300 ہڈیوں نے تاریخ بدل دی!

