تہران :ایرانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ ایران کی خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل کے سربراہ کمال خرازی اس ماہ کے شروع میں تہران میں اپنے گھر پر ہونے والے فضائی حملے میں لگنے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وفات پا گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یکم اپریل سنہ 2026ء کو ہونے والے اس حملے کے نتیجے میں کمال خرازی شدید زخمی ہو گئے تھے جبکہ ان کی اہلیہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھیں۔
کمال خرازی کا شمار ایرانی سپریم لیڈر کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا، وہ اس وقت "خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل” کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، جو کہ ایرانی خارجہ پالیسی کے خدوخال وضع کرنے والا ایک مشاورتی ادارہ ہے اور ملک کی اعلیٰ قیادت کی براہ راست نگرانی میں کام کرتا ہے۔
سابق وزیر خارجہ
کمال خرازی سنہ 1997ء سے سنہ 2005ء کے درمیان ایران کے وزیر خارجہ بھی رہے جبکہ اس سے قبل وہ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب کے طور پر ذمہ داریاں نبھا چکے تھے، جس کی وجہ سے وہ ایرانی نظام کے ایک تجربہ کار سفارتی چہرہ سمجھے جاتے تھے۔
اسرائیلی حملے میں زخمی ہونیوالے سابق ایرانی وزیر خارجہ کمال خرازی کا انتقال

