واشنگٹن ڈی سی :امریکی خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ نے جنسی مجرم جیفری اپسٹین سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے۔
میلانیا ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ ان کے اور ایپسٹین کے درمیان رابطوں کے بارے میں پھیلی افواہیں ’آج ہی ختم ہو جانی چاہیئیں۔‘
جمعرات کے روز کیے جانے والے غیر متوقع اعلان میں امریکی خاتونِ اول نے اپسٹین کے جنسی جرائم کے متاثرین کے لیے کانگریس میں سماعتوں کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے آن لائن پھیلی ان افواہیں کی بھی تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایپسٹین نے انھیں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملوایا تھا۔ میلانیا ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ افواہیں ان کی ’ساکھ کو نقصان پہنچانے کی بدنیتانہ کوششیں‘ ہیں۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ انھیں یہ اعلان کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
انھوں نے کہا کہ وہ ایپسٹین کے جرائم کی متاثرہ نہیں اور یہ کہ ان کا ایپسٹین سے سنہ 2000 میں مختصر تعارف ہوا تھا۔
میلانیا ٹرمپ نے اپسٹین کی ساتھی اور سزا یافتہ گیلین میکسویل سے تعلقات کی بھی تردید کی۔
انھوں نے اپسٹین فائلز میں شامل سنہ 2002 کی اپنی اور میکسویل کے درمیان ایک ای میل کا حوالہ دیتے ہوئے اسے محض ’غیر رسمی خط و کتابت‘ اور ’شائستہ جواب‘ قرار دیا۔
میلانیا ٹرمپ جس ای میل کا حوالہ دے رہی تھیں وہ بظاہر ’’جی‘‘ کے نام لکھی گئی تھی جو غالباً گیلین میکسویل کے لیے استعمال ہوا تھا۔ اس ای میل میں ’جے ای‘ کے متعلق نیو یارک میگزین میں شائع ہونے والی ایک تحریر کی تعریف بھی کی گئی ہے۔ اس تحریر کے ساتھ ’جی‘ کی ایک تصویر بھی شائع ہوئی تھی۔
وائٹ ہاؤس میں ہلچل: کیا میلانیا کو ٹرمپ سے اپسٹین نے ملوایا تھا؟خاتون اول پھٹ پڑیں

