اسلام آباد :ملک بھر میں آج یومِ پاکستان روایتی جوش و جذبے اور وقار کے ساتھ منایا جا رہا ہے جس کا آغاز دن کے پہلے پہر توپوں کی سلامی سے ہوا ۔
وفاقی دارالحکومت سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں پرچم کشائی کی سادہ مگر پروقار تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
اس تاریخی موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 وہ عظیم دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے قیام کا نظریہ پیش کیا تاکہ وہ اپنی اسلامی اقدار کے مطابق آزادانہ زندگی بسر کر سکیں۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں اتحاد و یگانگت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے قیام سے اب تک بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا لیکن باہمی تعاون سے ہر مشکل پر قابو پاتے ہوئے دفاعی اور جوہری صلاحیت سمیت ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ پاکستان کو جنوبی ایشیا کی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ 86 سال قبل مسلم قیادت نے جس ریاست کا تصور پیش کیا تھا وہاں مسلمانوں کے آئینی و سیاسی حقوق کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے ملک کی معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود معیشت پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مثبت اقتصادی اعشاریے درست سمت کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کی متوازن سفارت کاری کے عزم کو دہرایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیانِ المرصوص اور 26 فروری 2026 کو دشمن کی جارحیت کے خلاف کیے گئے آپریشن غضبِ للحق میں ہماری افواج نے دندان شکن جواب دے کر ثابت کیا کہ ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
یوم پاکستان روایتی جوش وجذبے سے منایا گیا، صدر اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغام

