اسلام آباد : وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر داخلہ کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ اتوار اسلام آباد میں مظاہرین کے ساتھ مذاکرات اور بات چیت کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ وزیر اعظم نے ان کے حوصلے اور فرض شناسی کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک بھر خصوصاً وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے حالیہ اقدامات پر بریفنگ دی۔
شہباز شریف نے وزارت داخلہ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ "عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے”۔
محسن نقوی نے وزیر اعظم کو بتایا کہ وہ خود ذاتی طور پر تمام سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس حوالے سے واضح گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔

