اسلام آباد:سعودی عرب نے پاکستان کو آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث تیل کی ترسیل بحیرہ احمر کی ینبع بندرگاہ سے جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے اور اسلام آباد نے ایک جہاز بھیج دیا ہے۔
پاکستان کی وزارت پیٹرولیم کے بدھ کو ایک بیان میں بتایا گیا کہ یہ انتظام اسلام آباد کی جانب سے سعودی عرب حکام کو لکھے گئے ایک خط کے نتیجے میں کیا گیا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ ریاض نے پاکستان کی توانائی کی ہنگامی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد کا وعدہ کیا ہے۔
پاکستان نے سعودی عرب سے درخواست کی ہے کہ وہ بحیرۂ احمرکی ینبع بندرگاہ کے ذریعے خام تیل کی سپلائی کو یقینی بنانے میں مدد کرے کیونکہ آبنائے ہرمز کی بندش سے ملک میں توانائی کی رسد متاثر ہو سکتی ہے۔
یادرہےایران اور عمان کے درمیان اس اہم گزرگاہ کو خلیج میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان کی توانائی کی سپلائی چین برقرار رکھنے کے لیے ہنگامی منصوبوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
بیان کے مطابق سعودی عرب نے عندیہ دیا کہ ’بحیرۂ احمر میں واقع ینبع بندرگاہ کے ذریعے سپلائی کا بندوبست کیا جا سکتا ہے، جو خلیج کی بحری راہداریوں کی بندش کی صورت میں ایک مؤثر متبادل ثابت ہوگا۔

