ممبئی: سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک نوجوان اپنی منفرد شخصیت اور ‘مینی فیسٹیشن’ (Manifestation) کی طاقت کی وجہ سے شہ سرخیوں میں ہے۔ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والے دعوؤں کے مطابق، 1.4 ارب کی آبادی والے ملک بھارت میں اس نوجوان سورج چوان کو ‘خوبصورت ترین’ قرار دیا جا رہا ہے۔
یادرہے ان کے سوشل میڈیا پر 3 ملین سے زیادہ فین ہیں۔انسٹاگرام پر ان کے فالوورز 2.7 ملین سے زائد ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انٹرنیٹ صارفین اس نوجوان کا موازنہ عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار جسٹن بیبر سے کر رہے ہیں۔ حالانکہ یہ ‘بیبی’ جیسے گانے نہیں گاتا۔ 30 سالہ سورج چوان، جنہیں ان کے مخصوص ہیئر اسٹائل کی وجہ سے ‘بھارتی جسٹن بیبر’ کہا جا رہا ہے، آج کل سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ان کے بال بالکل ویسے ہی ہیں جیسے 2010 کی دہائی میں کینیڈین اسٹار جسٹن بیبر کے ہوا کرتے تھے۔
سورج چوان نے اپنے سفر کا آغاز سوشل میڈیا پر سادہ، غیر اسکرپٹڈ اور مزاحیہ ویڈیوز سے کیا تھا۔ ان کے منفرد انداز اور چیلنجز نے دیکھتے ہی دیکھتے انہیں عوامی مقبولیت دلائی۔
View this post on Instagram
ان کی شہرت کو اس وقت چار چاند لگ گئے جب انہوں نے ’بگ باس مراٹھی‘ (سیزن 5) میں حصہ لیا اور فاتح قرار پائے۔
حال ہی میں انہوں نے فلمی دنیا میں بھی قدم رکھا ہے اور وہ 2025 کی رومانوی فلم ‘زپک زپک’ (Zapuk Zupuk) میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
ریاست مہاراشٹر کے چھوٹے سے قصبے ‘مودھوے’ (بارامتی) میں پیدا ہونے والے سورج کی زندگی ہمیشہ سے اتنی چمکدار نہیں تھی۔ بچپن میں ہی والدین کے انتقال کے بعد وہ یتیم ہو گئے تھے، جس کے بعد چھوٹی عمر میں ہی ان کے کندھوں پر اپنی پانچ بہنوں کی ذمہ داری آن پڑی۔ انہوں نے غربت اور کٹھن حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت کیا کہ محنت اور سچی لگن سے کچھ بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
خواتین مداحوں کے لیے ایک افسوسناک مگر خوش آئند خبر یہ ہے کہ سورج چوان اب اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر چکے ہیں۔ انہوں نے 29 نومبر 2025 کو اپنی بچپن کی دوست سنجنا گوپھانے سے شادی کر لی ہے۔ ان کی یہ سادہ اور پیاری لو اسٹوری سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان اپنی سوچ کی طاقت سے وہ سب حاصل کر رہا ہے جو وہ چاہتا ہے۔
جہاں کچھ لوگ اسے ایک مذاق کے طور پر دیکھ رہے ہیں، وہیں مداحوں کا ایک بڑا حلقہ ان کی خود اعتمادی کو سراہ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس بحث نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا واقعی ایک اچھا ہیئر اسٹائل کسی کی قسمت بدل سکتا ہے یا یہ سب ‘مینی فیسٹیشن’ کا کمال ہے۔
سورج کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ‘مینی فیسٹیشن (Manifestation) اور مستقل مزاجی انسان کو فرش سے عرش تک پہنچا سکتی ہے۔



