لاہور: پنجاب حکومت نے بسنت سے متعلق قواعد و ضوابط طے کر دیے ہیں، جن کے تحت شہریوں کی حفاظت اور تہوار کے محفوظ انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا، یہ بات عظمیٰ بخاری نے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے دس لاکھ سیفی راڈز مفت موٹرسائیکلوں پر لگائے ہیں اور حکومت احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز کے بارے میں مسلسل آگاہی مہم چلا رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروارہی ہیں اور ڈور کے پنے، ہر پتنگ اور گڈے پر خصوصی کیو آر کوڈ چسپاں ہیں۔ انتظامیہ کے پاس ڈور اور پتنگیں فروخت کرنے والوں اور خریدنے والوں کا مکمل ڈیٹا بھی ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بسنت کے تین دن الیکٹرک بسیں، رکشے اور ٹیکسیوں میں عوام کو مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بسنت کے تہوار کو ذمہ داری کے ساتھ منائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز نے 25 سال بعد لوگوں کو بسنت جیسا خوبصورت تہوار منانے کا موقع فراہم کیا ہے اور پنجاب کی ثقافت کی بحالی کا کریڈٹ سو فیصد مریم نواز کو جاتا ہے۔
بسنت کے قواعد و ضوابط طے کر دیے، شہری ذمہ داری کے ساتھ تہوار منائیں،عظمیٰ بخاری وزیراطلاعات پنجاب

