سیئول: مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’سام سنگ‘ اپنی نئی فلیگ شپ سمارٹ فون سیریز ’گیلیکسی ایس 26‘ کی لانچنگ کی تیاریوں میں مصروف ہے جس میں ’گیلیکسی ایس 26‘، ’گیلیکسی ایس 26 پلس‘ اور ’گیلیکسی ایس 26 الٹرا‘ شامل ہوں گے۔
’فوربز‘ کے مطابق اس بار لانچنگ جنوری کے بجائے فروری کے آخر میں متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق لانچنگ ایونٹ ’گیلیکسی اَن پیکڈ‘ 25 فروری کو سان فرانسسکو میں منعقد ہو گا جہاں نئی سیریز کو بھی باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔پہلے یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ سام سنگ گیلیکسی ایس 26 ایج اور گیلیکسی ایس 26 پرو بھی لانچ کیے جائیں گے مگر گیلیکسی ایس 25 ایج کی کم فروخت اور ایپل کی جانب سے آئی فون 17 کی قیمت 799 ڈالر برقرار رکھنے کے بعد سام سنگ نے حکمت تبدیل کی۔
اس کے بعد ایک بار پھر روایتی تین ماڈلز پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے باعث مینوفیکچرنگ شیڈول متاثر ہوا اور لانچ میں تاخیر ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ ’گیلیکسی اَن پیکڈ ایونٹ‘ میں شرکت کے دعوت نامے فروری کے دوسرے ہفتے میں جاری کیے جائیں گے جبکہ یہ ایونٹ ’موبائل ورلڈ کانگریس‘ سے چند دن پہلے ہو گا، جس سے سام سنگ کو عالمی سطح پر بھرپور توجہ حاصل ہونے کی امید ہے۔
گیلیکسی ایس 26 سیریز کے ساتھ ساتھ سام سنگ بعدازاں ایک سستا ماڈل گیلیکسی ایس 26 ایف ای بھی متعارف کرا سکتا ہے تاہم یہ فون فلیگ شپ سیریز کے کئی ماہ بعد لانچ ہو گا جیسا کہ ماضی میں بھی دیکھا گیا ہے۔
گیلیکسی ایس 26 سیریز کے پری آرڈرز متوقع طور پر گیلیکسی اَن پیکڈ ایونٹ کے فوراً بعد کھول دیے جائیں گے جہاں سام سنگ ممکنہ طور پر خصوصی رعایتیں، بہتر آفرز اور دیگر فوائد بھی فراہم کرے گا تاہم اس بار مشہور ’ڈبل سٹوریج‘ آفر ختم ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

