ممبئی : ٹی سیریز کے بانی اور معروف میوزک کمپنی کے مالک گلشن کمار کے قتل کیس میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے مجرم عبدالرؤف مرچنٹ (60) مہاراشٹر کی ہرسل جیل میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔ جیل حکام کے مطابق مرچنٹ گزشتہ کچھ دنوں سے علیل تھے۔
جیل سپرنٹنڈنٹ کمکر نے بتایا کہ 30 دسمبر کو عبدالرؤف مرچنٹ کو ہلکا دل کا دورہ پڑنے کے بعد گھاٹی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ علاج کے بعد طبیعت میں بہتری آنے پر 4 جنوری کو اسے دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا، تاہم جمعرات کی صبح اس کی طبیعت اچانک پھر بگڑ گئی۔ فوری طور پر اسے گھاٹی اسپتال لے جایا گیا، جہاں دورانِ علاج اس کی موت واقع ہو گئی۔
واضح رہے کہ 12 اگست 1997 کو ممبئی میں ایک مندر کے باہر گلشن کمار کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واردات نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اس وقت عبدالرؤف مرچنٹ انڈر ورلڈ ڈان ابو سالم کے قریبی ساتھی تھے اور انہوں نے گلشن کمار پر 16 گولیاں چلائی تھیں۔
مرچنٹ کو 2002 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور 2003 میں انہیں یروڈا جیل سے ہرسل جیل منتقل کیا گیا۔ 2009 میں پیرول پر رہائی کے بعد وہ فرار ہو گیا تھا اور آٹھ سال تک پولیس کو چکمہ دیتے رہے۔ بعد ازاں 2016-17 میں انہیں دوبارہ گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا، جہاں وہ اپنی باقی سزا کاٹ رہے تھے۔

