راولپنڈی :پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی انسداد دہشت گردی مشق ”وارئیر نہم” مشق انسداد دہشت گردی سینٹر پبی میں جاری ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق قومی انسداد دہشت گردی سینٹر میں ہونے والی تقریب میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔
تقریب میں چیف آف جنرل سٹاف نے بھی مہمان اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی ۔معزز مہمانوں کو انسداد دہشت گردی مشترکہ مشق کے دائرہ کار ، مقاصد اور طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی ۔ معزز مہمانوں نے مختلف انسداد دہشت گردی ڈرلز کا مشاہدہ بھی کیا ۔ انہوں نے مشق میں حصہ لینے والے جوانوں کی مہارت ، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بلند عزم کو سراہا۔
انسداد دہشت گردی مشق ”وارئیر نہم” دونوں دوست ملکوں کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون کی عکاس ہے ۔ یہ مشقیں دونوں ملکوں کی افواج کے امن و استحکام کے لیے ملکر کام کرنے کے عزم کی مزید توثیق کرتی ہے ۔

