کراچی: بالی وڈ کی لیاری پر بننے والی فلم “دھریندر“ کے شور میں مقامی عدالت نے لیاری گینگ وار کے مبینہ سرغنہ عزیر بلوچ کو بلوچستان سے اسلحہ اور گولہ بارود منگوانے کے ایک مقدمے میں عدم ثبوت کی بنا پر بری کر دیا ہے۔
کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے آج یہ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ استغاثہ (پراسیکیوشن) عزیر بلوچ کے خلاف الزامات کو شک و شبہ سے بالاتر ہوکر ثابت کرنے میں ناکام رہا۔
مقدمے میں عزیر بلوچ پر بلوچستان کے راستے غیر قانونی طور پر بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود درآمد کرنے کا الزام تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد اور گواہیاں ناکافی تھیں اور ملزم کے خلاف ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیے جا سکے۔
عزیر بلوچ اس وقت مختلف نوعیت کے دیگر مقدمات میں بھی زیرِ سماعت ہیں اور جیل میں قید ہیں۔ یہ ان متعدد مقدمات میں سے ایک تھا جن میں انہیں بری کیا گیا ہے۔

