سیوؑل :مشہور الیکٹرونکس کمپنی سام سنگ نے پہلی بار ایک ایسا موبائل متعارف کرایا ہے جو ٹرپل فولڈنگ یعنی تین تہیں رکھتا ہے اور اس کا انتظار سب کو ہی تھا مگر شاید خرید کم لوگ ہی پائیں گے کیونکہ قیمت کافی زیادہ رکھی گئی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق منگل کو لانچ کیے جانے والے اس فون کا نام گیلیکسی زی ٹرائی فولڈ ہے اور 12 دسمبر سے اس کی فروخت شروع ہو جائے گی اور اس کی قیمت آئی فون 17 سے تقریباً دو گنا زیادہ ہو گی۔
جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انتہائی پتلی ساخت رکھنے والے اس فون کی سکرین 10 انچ (25 اعشاریہ چار سینٹی میٹر) ہے اور یہ اپنے اندر بہت سے ایسے فیچر رکھتا ہے جو اس سے قبل سامنے نہیں آئے۔یہ ٹرپل فنکشن رکھنے والا پہلا فون نہیں ہے کیونکہ چین کی کمپنی ہواوے اس سے قبل اس سے ملتا جلتا فون متعارف کرا چکی ہے اور اس کی قیمت بھی کافی زیادہ تھی۔
سمارٹ فونز کی مارکیٹ میں سخت مقابلہ چل رہا ہے اور کمپنیز کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے فونز میں نئی سے نئی چیزیں شامل کریں تاکہ لوگوں کو متوجہ کیا جا سکے۔
مکمل طور پر سیاہ ڈیزائن میں پیش کیا گیا گیلیکی زی ٹرائی فولڈ 309 گرام (10 اعشاریہ نو اونس) کا وزن رکھتا ہے اور اس کی موٹائی پوائنٹ دو انچ تک ہے۔
اس میں جنریٹیو اے آئی فیچرز بھی لگائے گئے ہیں جو کیمرہ یا سکرین شیئرنگ میں مدد دے سکتے ہیں۔ سام سنگ کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس گیلیکسی زی ٹرائی فولڈ کی تیاری کے دوران ہی طے کر لیا گیا تھا کہ اس کو بڑے پیمانے پر فروخت نہیں کیا جائے گا۔
سام سنگ کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ کم سیونگ ایون کا کہنا ہے کہ ’یہ بہت سپشیل قسم کا ایڈیشن ہے۔‘
سام سنگ کی جانب سے یہ لانچنگ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب موبائل مارکیٹس کے حالیہ نمبرز سے پتہ چلتا ہے کہ ایپل 14 برس کے دوران پہلی اس پوزیشن میں دکھائی دے رہا ہے کہ وہ سام سنگ سے آگے نکل سکتی ہے اور 2029 تک دنیا میں سب سے زیادہ موبائل فون بنانے والی کمپنی بن سکتی ہے۔

