راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز 21 نومبر کو بنوں ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران، فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر حملہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے پروکسی تنظیم فتنۃ الخوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک کردیے۔
ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے خلاف متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
یہ کارروائی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط شراکت داری اور انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں میں اضافہ کی عکاسی کرتی ہے۔بنوں میں مزید بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے صفائی مہم جاری ہے۔ قومی ایکشن پلان کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ وژن کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے 8 بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے انجام کو پہنچائے جانے پر جوانوں کے جذبے، عزم اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی فورسز نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا ہے کہ وہ ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوارج کے خلاف مربوط اور مؤثر کارروائیاں قومی سلامتی کو مزید مستحکم کر رہی ہیں، جبکہ بھارتی سرپرستی میں چلنے والے منظم دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کی جانب سے بنوں میں کیے گئے آپریشن میں آٹھ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے پر انھیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم نے اعادہ کیا کہ ’ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

