راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گزشتہ دو دنوں بیس اوراکیس نو مبر کو خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے تیرہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلا آپریشن پہاڑ خیل، ضلع لکی مروت میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دس دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
دوسرا آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان میں کیاگیاجہاں فائرنگ کے تبادلے میں تین خوارج مارے گئے ۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ۔ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری رکھیں گے تاکہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کا 13خوارج کو ہلاک کرنے پرسیکورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 13 بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے ہلاک ہونے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کا مکمل قلع قمع ریاستی رٹ کے ساتھ یقینی بنایا جارہا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ قومی اتفاقِ رائے سے کیا جارہا ہے۔صدر مملکت نے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع لکی مروت اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف مختلف کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے ان آپریشنز میں فتنتہ الخوارج کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔انہوں نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ۔

