راولپنڈی :خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں بھارتی حمایت یافتہ 39خارجی دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے ۔۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ خفیہ اطلاع پر باجوڑ میں خارجی دہشت گردوں کے سرغنہ سجاد عرف ابوذر سمیت 11خارجی مارے گئے۔بنوں میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں مزید بارہ خارجی جہنم واصل کر دیئے گئے ۔
آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقےکلاچی میں خارجی سرغنہ عالم محسود سمیت 10 اور دتہ خیل میں 5دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے ۔بنوں میں ہی ایک خارجی دہشت گرد بارودی سرنگ لگاتے ہوئے دھماکے کا شکار ہو کر جہنم رسید ہو گیا۔سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فیڈرل ایپکس کمیٹی کی منظوری کے بعد عزم استحکام کے تحت بیرون ملک سے حمایت یافتہ دہشت گردی کی اس لعنت کو مکمل ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔
صدرآصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ ہے ۔پاک سرزمین کو جلد ہر خارجی کے شر سے پاک کر دیا جائے گا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خاتمے کو سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی قرار دیا۔کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیاہے۔
پاکستان کا پرچم سربلند رہے گا، مریم نواز شریف وزیراعلی پنجاب
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا خیبر پختونخوا میں کامیاب کارروائیوں میں 39 خوارج کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا پرچم ہمیشہ سر بلند رہے گا،دہشتگردی ہمیشہ کیلئے دفن ہوگی-سیکیورٹی فورسز کے جوان مادرِ وطن کے اصل ہیرو،قوم کا فخر اورپاکستان کی ڈھال ہیں-کامیاب آپریشنز دشمن کو پیغام ہے کہ پاکستان ناقابلِ شکست ہے-

