لاہور :صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمٰی بخاری کا کہنا ہے کہ کالعدم جماعت تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز گفتگو کرنے، دھمکیاں دینے اور قتل کے فتوے دینے کے الزام میں 31 افراد پر مقدمات درج کیے گئے۔
کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے 92 ڈیجیٹل بنک اکاؤنٹس بند،
لاہور میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعت تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے 92 ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 90 فنانسرز یعنی کالعدم جماعت کی مالی معاونت کرنے والے افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جن میں سے بہت سے افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔
ٹی ایل پی کے 23 ارب 40 کروڑ کے اثاثے منجمد
انہوں نے انکشاف کیا کہ انتہا پسند جماعت کے عہدے داروں کے 23 ارب اور 40 کروڑ روپے کے اثاثے منجمد کیے گئے ہیں۔ 23 ارب 40 کروڑ روپے کے اثاثے اس جماعت کے عہدے داران اور ان کے پاس موجود تھے جو سود کے خلاف وہ ہمیشہ بات کرتے تھے جو مذہب کی اپنی مرضی کی تشریح کرتے تھے ان کا عالم یہ ہے کہ ان کے پاس سے اتنا کچھ اسلحہ اور اس کے ساتھ ساتھ اتنی بڑی اماؤنٹ اور سونا، چاندی، برانڈڈ گھڑیاں جو گھر سے ملی تھیں وہ اس کے علاوہ ہیں۔
پریس کانفرنس میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز گفتگو کرنے، دھمکیاں دینے اور قتل کے فتوے دینے والے افراد پر 31 مقدمات درج کیے گئے۔
لاہور سے جیو فینسنگ کےبعد ٹی ایل پی کے 830 افراد گرفتار
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری کا کہنا تھا کہ لاہور میں ٹی ایل پی کے احتجاج میں شریک 830 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے 225 کو باقائدہ طور پر جیو فینسنگ کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے یعنی اس بات کی یقین دہانی کی گئی ہے کہ حراست میں لیے جانے والے یہ افراد پرتشدد احتجاج کے مقام پر موجود تھے۔
پنجاب کے 84 فیصد آئمہ کرام،73 ہزار مساجد رجسٹرڈ
پنجاب کی وزیرِ اطلاعات اعظمٰی بخاری نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔صوبے کے 84٪ آئمہ کرام نے خود کو رجسٹر کروا لیا ہے، اور آنے والے دنوں میں یہ تعداد 100٪ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ یہ اقدام مذہبی ہم آہنگی، نظم و ضبط اور بہتر روابط کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اب تک 73ہزار مساجد کو جیو ٹیگ کیا گیا ہے اور 50 ہزار سے زیادہ عائمہ کرام نے اپنے آپ کو رجسٹر کروا لیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ اب تک جن عائمہ کرام نے اپنے آپ کو رجسٹر کروایا ہے انھوں نے رضاکارانہ طور پر ایسا کیا ہے کسی بھی انتظامیہ کی جانب سے انھیں کسی بھی قسم کے زور زبر دستی کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔
اکانومسٹ نے غلط خبر دی تو اس پر کیس دائر کریں
بشریٰ بی بی کی اکانومسٹ کی رپورٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جس پارٹی کے لیڈر پر اکانومسٹ میں لکھا گیا ہے، وہی ہمیں بتا چکے ہیں کہ اکانومسٹ ہر بات پوری تحقیق کے بعد لکھتا ہے۔ اگر اکانومسٹ نے کچھ غلط لکھا ہے تو اسکا سادہ حل یہ ہے کہ جائیں اور اس پر کیس دائر کریں۔
پنجاب سے 6220 افغان مہاجرین کو واپس بھیجا
انہوں نے بتایا کہ پنجاب سے تین ہفتوں کے دوران 6220 افغان مہاجرین کو افغانستان واپس بھیجا گیا ہے۔افغانیوں کو ان کے ملک بھیجنے کی جو کمپین ہے اس کو مزید تیز کیا جائے گا۔جن لوگوں نے افغان شہریوں کو کرائے پہ گھر دیئے تھے یا کرائے پہ کوئی پراپرٹی دی تھی تو ان کے خلاف بھی مقدمات درج ہوئے ہیں۔
لاہور لندن اور نیویارک سے محفوظ
وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بتایا کہ کہ پنجاب میں لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال کو نہ صرف رپورٹ کیا جا رہا بلکہ اسے محسوس بھی کیا جا رہا ہے۔لاہور لندن اور نیویارک سے زیادہ محفوظ ہے۔
اپنے خلاف ہر جرم 15 پر رپورٹ کریں ،مریم نواز کا پیغام ، خواتین کے نام
سوشل میڈیا پر اکثر خواتین کے پوڈ کاسٹ ہیں جو میڈیا کے لوگوں سے بات کر رہی ہیں وہ کہہ رہی ہیں کہ چیف منسٹر مریم نواز شریف کے آنے کے بعد خواتین پنجاب میں اپنے آپ کو محفوظ تصور کرتی ہیں۔خواتین کے خلاف جو وارداتیں ہیں اس کے اوپر بھی آج چیف منسٹر صاحبہ نے ایک بہت بڑا ایکشن لیا ہے اور مجھے یہ کہہ کے بھیجا کہ ان کا یہ میسج میں پنجاب کی تمام عورتوں کو دوں کہ اپنے خلاف کسی بھی قسم کے کسی بھی جرم کو وہ ون فائیو پر رپورٹ کریں۔
صوبائی حکومتیں آل پاکستان اسلحہ لائسنس اپنے صوبے تک رکھیں
انہوں نے ایک اہم مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مختلف صوبائی حکومتیں آل پاکستان اسلحہ لائسنس جاری کررہی ہیں یہ صوبائی حکومتیں اسلحہ لائسنس جاری کررہی ہیں تو عملدرآمد اپنے صوبے تک رکھیں۔

