مظفر آباد:وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی ہے، اور پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی راجا فیصل ممتاز راٹھور نئے قائد ایوان منتخب ہو گئے ہیں۔
اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی زیرصدارت اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کرائی گئی گئی، جس میں 36 ارکان اسمبلی نے فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ مخالفت میں 2 ووٹ آئے۔اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری انوارالحق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں کے ارکان اسمبلی ایوان میں موجود ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے تحریکِ عدم اعتماد کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق اگر پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب اراکینِ اسمبلی نے عدمِ اعتماد میں ووٹ دیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ یہ پورا عمل غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اراکین کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرتے ہوئے نوجوان پارلیمنٹیرین راجا فیصل ممتاز راٹھور کو نیا قائد ایوان نامزد کیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے سادہ اکثریت حاصل ہے، جبکہ مسلم لیگ ن بھی انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ دے گی۔
مسلم لیگ ن نے اعلان کر رکھا ہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے ووٹ ضرور دیں گے لیکن حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کے مطابق ن لیگ آزاد کشمیر اسمبلی میں مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرےگی۔

