اسلام آباد :آڈیو لیک کیس میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نصر من اللہ بلوچ نے کیس علی امین گنڈا پور کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت، علی امین گنڈا پور کی جانب سے کوئی بھی پیش نہ ہوا، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی عدم دستیابی کے باعث فرد جرم کی کارروائی بھی موخر کردی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے آج کیس فرد جرم عائد کرنے کیلئے مقرر کر رکھا تھا، عدالت نے آڈیو لیک کیس پر سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ 2022 میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے علی امین گنڈا پور کی ایک شخص کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک ہوگئی تھی جس میں علی امین گنڈا پور پوچھ رہے ہیں کہ بندوقیں کتنی ہیں، جس پر دوسرا شخص کہتا ہے کہ بہت ہیں۔
علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں آڈیو لیک کے حوالے سے مقدمہ درج تھا۔

