لاہور: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور میں نادرا سنٹر فہد ٹاؤن اور ریجنل پاسپورٹ آفس ڈیرہ گجراں شالیمار کا اچانک دورہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محسن نفوی وزیرداخلہ نے شناختی کارڈز، دیگر دستاویزات اور پاسپورٹ بنوانے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران محسن نقوی نے نادرا سنٹر اور پاسپورٹ آفس میں موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
وزیرداخلہ نے وہیل چیئر پر موجود ایک بزرگ خاتون کی دستاویزات کو بلا تاخیر پراسیس کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کا کام خصوصی پروٹوکول کے ساتھ فی الفور نمٹایا جائے۔شہریوں سے گفتگو کے دوران وزیرداخلہ نے نادرا اور پاسپورٹ سروسز کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ شہریوں نے بتایا کہ پاسپورٹ بنوانے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑتا، باری جلد آ جاتی ہے اور عملے کا رویہ بھی مثبت ہے جو صحیح رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ شناختی کارڈز اور دستاویزات کے کام تیزی سے نمٹائے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ دستاویزات اور پاسپورٹ کی ڈلیوری مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے اور نادرا سنٹر و پاسپورٹ آفس آنے والے ہر شہری کا کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔

