اسلام آباد :راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ایک سے تین گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی توقع ہے۔
اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز اور نواحی علاقوں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ راولپنڈی کے متعدد علاقوں میں بھی تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ بارش کے باعث موسم میں خنکی بڑھ گئی ۔
خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام اور گردونواح میں موسلا دھار بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔کل رات سے دیر بالا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں کے لیے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور برفباری متوقع ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی ابر آلود موسم اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔

