حیدرآباد: بھارت نے جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے کر آئی سی سی خواتین کا ون ڈے ورلڈ کپ 2025 جیت لیا۔
بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے پہلی بار ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔ نئی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ، بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے۔ 299 کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 45.3 اوورز میں 246 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی جس سے ان کا چیمپئن بننے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ اس میچ میں شفالی ورما کو ان کی نصف سنچری اور دو وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ دیپتی شرما کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ ملا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان لورا ولوارڈٹ نے 98 گیندوں میں 11 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 101 رنز بنائے۔ جب وہ کریز پر تھیں، ایسا لگ رہا تھا کہ جنوبی افریقہ میچ جیت سکتا ہے، لیکن جب وہ آؤٹ ہوئیں تو پوری ٹیم دباؤ میں آگئی اور 246 پر آل آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اینری ڈرکسن 35 رنز کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ اسکورر رہیں۔ بھارت کی جانب سے دیپتی شرما نے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے 9.3 اوورز میں 39 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ شیفالی ورما نے 2 اور شری چرانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل میچ میں اسمرتی مندھانا نے 58 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ شیفالی ورما نے 78 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ دیپتی شرما نے نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 58 گیندوں میں 3 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 58 رنز بنائے۔ جمائمہ روڈریگز نے 24، ہرمن پریت کور نے 20 اور ریچا گھوش نے آخری اوورز میں 24 گیندوں پر 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 34 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ایابونگا کھاکا نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں

