راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے 28 اور 29 اکتوبر 2025 کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم فِتنہ الہندوستان کے 18 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پہلا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کوئٹہ کے نواحی علاقے چلتن کے پہاڑی سلسلے میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں14 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد جہنم واصل کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، دوسرا آپریشن ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کیا گیا، جہاں ایک خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران چار دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق، ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ کا خاتمہ کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے جاری قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق انسدادِ دہشت گردی کی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

