لاہور:(حافظ نعیم سے ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کی پہلی موبائل پولیس سٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے موبائل یونٹ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا اور اس کی ورکنگ سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
اس موبائل یونٹ میں شہریوں کو ایف آئی آر کے اندراج کی سہولت پہلی بار دستیاب ہو گی، جبکہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء، تجدید، لرنر، ریگولر، انٹرنیشنل اور وویمن لائسنسنگ جیسی سروسز بھی میسر ہوں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کی چابیاں متعلقہ افسران کے سپرد کیں اور وہاں موجودسٹاف سے بات چیت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اختیار کیا جائے۔
موبائل پولیس یونٹ کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہ گرلز ایجوکیشن مراکز اور ورکنگ وویمن کو بھی ان کی دہلیز پر سروسز فراہم کرے گا تاکہ خواتین کو دفاتر یا تھانوں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
وزیراعلیٰ نے موبائل سروس کی افادیت اور اس کے دائرہ کار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے عوام کو فوری اور باعزت سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

