لاہور:(حافظ نعیم سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ تخفیف غربت کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ دن منانے کا مقصد دنیا کی توجہ ان کروڑوں افراد کی طرف مبذول کروانا ہے جو بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لیے غربت میں کمی کا ہدف غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم جیسے عوامل غربت جیسی سماجی ناانصافی کو جنم دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہیلتھ، ایجوکیشن اور دیگر سہولیات تک محدود رسائی بھی اس ناہمواری کو مزید بڑھاتی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب نے آسان کاروبار بزنس کارڈ اور فنانس اسکیمز کے ذریعے ہزاروں افراد کو روزگار کے شاندار مواقع فراہم کیے ہیں۔ لاکھوں محنت کشوں کے لیے راشن کارڈ پراجیکٹ ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی اور ٹیکنیکل تعلیم میں تربیت فراہم کر کے انہیں صنعتی مارکیٹ کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی، روڈا اور راوی گرین سٹی جیسے منصوبے روزگار کی وسیع راہیں کھولیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے تحت ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملا، جبکہ پسماندہ علاقوں میں صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ کی جدید سہولتوں کی فراہمی کے تاریخی منصوبے بھی جاری ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ غربت کا خاتمہ اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری حکومت پنجاب کے سرفہرست اہداف میں شامل ہے۔

