نواب شاہ :صدر مملکت آصف علی زرداری سے نون لیگ کے اعلیٰ سطحی وفد نے بے نظیر آباد میں زرداری ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی سیاسی صورت حال، حکومتی امور اور باہمی اعتماد کی بحالی پر گفتگو ہوئی۔
وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزیر داخلہ محسن نقوی شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان حالیہ دنوں میں جاری لفظی محاذ آرائی ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ آئندہ ایک دوسرے پر بیان بازی سے گریز کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر زرداری کو بتایا کہ ان کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے، اور اس پیش رفت پر جلد میاں نواز شریف کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کی جلد ملاقات ہوگی، جس میں مستقبل کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
مزید برآں، اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ لندن، امریکا اور سعودی عرب کے حالیہ دوروں اور معاہدوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کو ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی۔
حکومتی وزرا نے آئندہ قومی پالیسی معاملات میں پیپلز پارٹی کو پیشگی اعتماد میں لینے کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔
ملاقات میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ رابطے مزید بہتر بنانے اور دیگر اتحادیوں سے مشاورت کا عندیہ بھی دیا گیا۔
ادھر، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اہم سیاسی فیصلوں کے لیے 18 اکتوبر کو پیپلز پارٹی کا سی ای سی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

