میلبورن:آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پریکٹس سیشن کے دوران ایک آسٹریلوی نوعمر کرکٹر گیند لگنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔
منگل کے روز 17 سالہ بین آسٹن فرنٹری گلی میں نیٹ میں پریکٹس کر رہے تھے جب ہینڈ ہیلڈ بال لانچر سے پھینکی گئی گیند ان کی گردن پر لگی۔ پریکٹس کے دوران وہ ہیلمٹ تو پہنے ہوئے تھے لیکن گردن کی حفاظت کے لیے انھوں نے کچھ نہیں پہنا ہوا تھا۔
طبی امداد کے عملے نے موقع پر ان کی مدد کی کوشش کی۔ بعد ازاں انھیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انھیں لائف سپورٹ پر رکھا گیا تھا۔ تاہم جمعرات کے روز ان کی موت واقع ہو گئی۔
بین کے والد جیس آسٹن نے کہا ہے کہ بیٹے کی موت سے ان کے خاندان کو ’شدید صدمہ‘ پہنچا ہے۔
آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق، کرکٹ وکٹوریہ کے سی ای او نک کمنز کا کہنا ہے کہ بین کو بالکل اسی طرح گردن پر گیند لگی جیسے 10 سال قبل آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کو لگی تھی۔
2014 میں شیفیلڈ شیلڈ میں بیٹنگ کے دوران آسٹریلوی کرکٹر فلپ ہیوز کی گردن پر گیند لگنے سے موت واقع ہو گئی تھی۔

