اسلام آباد :الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر کے آخری ہفتے میں کروانے کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
رپورٹ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے دوران سماعت ریمارکس دیے تھے کہ ہم آج ہی فیصلہ سنائیں گے، اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن نہیں ہو رہے، یہ صورت حال ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن کے روبرو پنجاب حکومت کے اسپیشل سیکریٹری بلدیات پیش ہوئے۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ہم نے اب فیصلہ کرنا ہے، اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہورہے اور یہ ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ہے، الزامات ہم پر آرہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، چیف الیکشن کمشنر نے قرار دیا کہ ہم آج ہی فیصلہ سنائیں گے۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ صوبہ پنجاب میں دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔
اس کیس کی سماعت 8 اکتوبر کو ہوئی تھی ۔ کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ حلقہ بندیوں کا کام آج جمعرات سے شروع کرے اور اسے 2ماہ کے اندر مکمل کرے تاکہ الیکشن کا شیڈول جاری کیا جا سکے۔ کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں موجودہ بلدیاتی قانون 2022 کے مطابق دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقادکرایاجائےگا۔

