اسلام آباد :ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کیس میں اسلام آباد کی عدالت نے ملزم عمر حیات پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ثناء یوسف قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج محمد افضل مجوکا کی عدالت میں آج اس کیس کی سماعت شروع ہوئی تو جج نے ملزم پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آپ پر الزام کیا کہ رواں برس دو جون کو سیکٹر جی 13 ون میں آپ مقتولہ ثنا یوسف کے گھر داخل ہوئے اور ان پر فائر کیا، جس کے بعد ان کی موت ہو گئی۔ آپ پر یہ الزام ہے کہ آپ نے ان کا قتل کیا، آپ اسے تسلیم کرتے ہیں یا انکار کرتے ہیں؟
جس پر ملزم نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا،میں نے ایسا کوئی بھی جرم نہیں کیا، یہ سب جھوٹ ہے۔جج نے دوسرا الزام دہراتے ہوئے کہا،آپ قتل کے بعد مقتولہ کا موبائل فون ساتھ لے گئے، آپ اسے تسلیم کرتے ہیں؟ جس پر ملزم نے جواب دیا کہ ان پر جو بھی الزامات لگائے گئے ہیں، وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

