پشاور : پاک فوج کے 10 تا 13 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں دو مختلف آپریشنز میں 35 خوارج مارے گئے، کارروائیوں میں 12 بہادر جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 10 سے 13 ستمبر کے دوران 2 مختلف آپریشنز میں 35 خوارج کو ہلاک کردیا، کارروائیوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 12 بہادر جوان جام شہادت نوش کرگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق باجوڑ میں کارروائی کے دوران 22 بھارتی اسپانسرڈ خوارج جہنم واصل ہوئے جبکہ جنوبی وزیرستان میں جھڑپ کے دوران 13 خوارج انجام کو پہنچے، بھارتی اسپانسرڈ خوارج سے اسلحہ اور گولا بارود برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہداء نے جرأت اور بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا، دہشتگردی میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوگئی، افغان سرزمین پاکستان مخالف سرگرمیوں میں استعمال ہونا تشویشناک ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عبوری افغان حکومت سے ذمہ داریاں نبھانے کی توقع ہے، علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے، پاک فوج بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
فتنہ الخوارج اور ان کے سرپرستوں کو شکست دی جائے گی، صدر آصف زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج اور ان کے سرپرستوں کو شکست دی جائے گی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے بہادر سپاہیوں کی قربانی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ شہداکا خون دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا فتنتہ الخوارج دہشت گردوں کیلخلاف کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ اور ضلع جنوبی وزیرستان میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیراعظم آفس کےمیڈیاونگ سے جاری بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ان آپریشنز میں فتنتہ الخوارج کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے ضلع جنوبی وزیرستان کے آپریشن میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیراعظم نے شہدا کے بلنددرجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سےتعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔
شہدا کی قربانیاں دہشت گردوں کیخلاف ہمارے مضبوط عزم کا عکاس، وزیر داخلہ محس نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 35 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 12 سپوتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔
وزیرداخلہ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں۔ پوری قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی
جنوبی وزیرستان کے 12 شہدا کو سلام، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف
وزیر اعلی مریم نواز شریف نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں میں کامیاب آپریشن میں 35 بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج کو جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے انہوں نےوجنوبی وزیرستان میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا کہناتھا کہ جنوبی وزیرستان کے بارہ شہدا نے اپنے لہو سے امن کی قیمت ادا کی،قوم سلام پیش کرتی ہے-

