اسلام آباد :سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع شمالی وزیرستان، مہمند اور بنوں میں 9 اور 10 ستمبر کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز کے دوران بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 19 خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند کے علاقے گلونو میں انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 14 خوارج جہنم واصل کر دیے گئے۔
ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 4 خوارج کو ٹھکانے لگا دیا۔
بنوں میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک خارجی کو بھی جہنم واصل کر دیا گیا۔آپریشنز کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔مارے جانے والے تمام خوارج بھارتی سرپرستی میں علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز پاکستان سے بھارتی سرپرست دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیرِ اعظم نے آپریشنز میں 19 خارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ مسلح افواج کی جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں قوم کے تحفظ کی ضمانت ہیں۔

