اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے ہمیں ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر ان انتخابات کو قانونی جواز فراہم نہیں کرنا چاہیے، پارٹی پارلیمنٹ کی تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہوجائے۔
رپورٹ کے مطابق علیمہ خان اور ان کی دیگر دو بہنوں نے آج سنٹرل جیل اڈیالہ میں اپنے بھائی عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو پیغام دیا ہے کہ ہمیں قید تنہائی میں رکھ کر ڈرانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، میں نہ جھکوں گا نہ کوئی سودا کروں گا، اللہ کا شکر ہے آج چار مہینے بعد ہماری تینوں بہنوں کی اکٹھے ملاقات کرائی گئی ہے۔
علیمہ خان نے اپنی بہنوں کے ہمراہ ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، البتہ ان کی آنکھ میں کوئی مسئلہ ہے اس کے لیے ہم عدالت میں درخواست دے رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کے علاج کیلئے پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز معائنے کیلئے آئیں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بشری بی بی کی وجہ سے پریشان ہیں، وہ کہتے ہیں کہ ججوں کا ضمیر ہوتا تو اتنا ظلم نہ ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے بھائی کو شیر شاہ اور شاہریز کی گرفتاری کے متعلق بتایا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ اس ظلم و زیادتی کی ساری ذمے داری عدلیہ پر ہے، پارٹی رہنماؤں کی حالیہ سزاؤں اور نا اہلیوں پر بتایا کہ یہ کبھی پاکستان میں نہیں ہوا۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے مزید کہا کہ میڈیا کا گلا دبا کر کنٹرول کرلیا گیا ہے، مین اسٹریم میڈیا کی حیثیت اب عوام میں ختم ہوگئی ہے، وزیرستان میں آپریشن نہیں ہونا چاہیے، ملٹری آپریشن روک دینا چاہیے کیونکہ اس سے عدم استحکام پیدا ہوگا۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ بانی نے کہا ہے کہ افغانیوں کو پاکستان سے نہیں نکالنا چاہیئے، افغانوں کو نکالنا اسلامی روایات کے خلاف ہے، افغانوں کی واپسی پر شرمندہ ہوں۔

