لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں شدید بارشوں اور سیلاب کی پیشگوئی کے پیش نظر دریاؤں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کے انخلا کے احکامات جاری کردیے۔راولپنڈی، لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن میں بھی شہری سیلاب کا امکان ہے
وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مریم نواز نے آبی ریلوں کی آمد کے پیش نظر عوام کے انخلا کو یقینی بنانے کے احکامات دیے ہیں جس کے بعد دریائی علاقوں سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بہاولنگر سے 89 ہزار868 افراد جبکہ قصور سے 14 ہزار140 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، اوکاڑہ سے 2 ہزار سے زائد افراد جبکہ بہاولپور، وہاڑی اور پاکپتن سے بھی سینکڑوں افراد کا انخلا کیا جا چکا ہے۔
سیلاب کا الرٹ جاری ہونے پر تقریبا 40 ہزار افراد پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل استعمال کر کے انسانی جانوں کے نقصان کو روکا جائے، دریاؤں اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور مویشیوں کو بھی بروقت محفوظ مقامات پر لے جانے کے اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حکام کو ہدایت کی کہ دریائے ستلج اور دیگر دریاؤں کی سیلابی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں متاثرین کے لیے رہائش، خوراک اور علاج معالجےکے انتظامات کریں اور عارضی طور پر موزوں رہائش فراہم کریں۔
انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں فوری طور پر سانپ کے کاٹنے کی ویکسین مہیا کرنے کے بھی احکامات دیے۔
بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر محکموں کو قصور، پاکپتن، تونسہ شریف اور دیگر سیلابی علاقوں میں ’ الرٹ’ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

