واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران تباہی کو روکنے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا، جس سے خطے میں ایک بڑا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔
ٹیمی بروس نے ایک پریس بریفنگ میں اس بات پر زور دیا کہ امریکہ نے اپنے سفارتی رابطوں اور دباؤ کے ذریعے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق، امریکی مداخلت کی وجہ سے دونوں ممالک کے رہنماؤں کو صورتحال کی سنگینی کا احساس ہوا اور وہ جنگ بندی پر آمادہ ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے پاکستان اور بھارت دونوں کو واضح طور پر پیغام دیا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے خطے میں امن کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔” امریکی ترجمان نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ یہ ایک مشکل صورتحال تھی لیکن امریکہ کی بروقت مداخلت کی وجہ سے دونوں ممالک نے جارحیت سے گریز کیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ امریکہ نے باضابطہ طور پر اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ اس نے دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان ممکنہ جنگ کو ٹالنے میں براہ راست مداخلت کی تھی۔

