کولکاتا: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور اداکار متھن چکرورتی نے پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دریائے سندھ کے پانی کے معاہدے (Indus Water Treaty) سے متعلق بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے متھن چکرورتی نے کہا، "اگر وہ (بلاول بھٹو) اسی طرح کی باتیں کرتے رہے اور ہماری کھوپڑی سنک گئی تو پھر ایک کے بعد ایک براہموس میزائل چلے گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے ایک ایسا ڈیم بنانے کا بھی سوچا ہے جہاں 140 کروڑ لوگ پیشاب کریں گے۔ اس کے بعد جب ہم ڈیم کھولیں گے تو سونامی آ جائے گی۔”
متھن چکرورتی نے واضح کیا کہ انہیں پاکستان کے لوگوں سے کوئی مسئلہ نہیں، اور یہ تمام باتیں انہوں نے صرف بلاول بھٹو کے لیے کہی ہیں۔ ان کے اس بیان پر سخت تنقید کی جا رہی ہے اور اسے اشتعال انگیز قرار دیا جا رہا ہے۔
پس منظر
متھن چکرورتی کا یہ بیان بلاول بھٹو کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھٹ شاہ میں شاہ عبدالطیف بھٹائی کے 282ویں عرس میں شرکت کے موقع پر اپنےخطاب میں بلاول بھٹو نے انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو خطے میں سندھو دریا پر سب سے بڑا حملہ قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر حملہ تہذیب اور ثقافت پر حملہہے اور یہ کہ میں نے اس دریا کنارے اعلان کیا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کروں گا۔ ہم نے انھیں بے نقاب کر دیا ہے۔
انھوں نے انڈین سیاستدانوں کی طرف سے پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس ملک کے عوام میں اتنی طاقت ہے کہ جنگ میں بھی ان کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور چھ کے چھ دریا واپس حاصل بھی کر سکتے ہیں۔اگر یہ ہمیں مجبور کرتے ہیں۔۔۔ تو مودی سرکار کو بتانا چاہیں گے کہ ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

