کراچی: فخر زمان کی فٹنس میں مسائل کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے تجربہ کار بلے باز اور سابق کپتان بابر اعظم کو دوبارہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بابر اعظم کی واپسی آئندہ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کے لیے متوقع ہے۔ فخر زمان ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز میں زخمی ہو گئے تھے اور اب وہ نہ صرف ٹی ٹوئنٹی بلکہ ون ڈے میچز سے بھی باہر ہو چکے ہیں۔
پی سی بی نے انہیں فوری طور پر نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ وہ ری ہیب پروگرام سے گزریں۔ ایشیا کپ میں ان کی شرکت فی الحال مشکوک ہے۔
اس صورتحال میں بابر اعظم کو ممکنہ متبادل کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے۔ تاہم، ان کی واپسی کا انحصار ون ڈے سیریز میں ان کی کارکردگی پر ہوگا۔ اگر وہ متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہیں تو انہیں اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

