اوول میں کھیلے جا رہے بھارت کے خلاف پانچویں اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے تجربہ کار بیٹر اور سابق کپتان جو روٹ نے شاندار بیٹنگ کے ساتھ ریکارڈز کی تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے دوسری اننگز میں 105 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر نہ صرف اپنی ٹیم کو مضبوط پوزیشن دلائی بلکہ ہوم گراؤنڈ پر سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
یہ جو روٹ کی انگلینڈ میں 24 ویں ٹیسٹ سنچری تھی، جس کے ساتھ انہوں نے آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، جنوبی افریقہ کے جیک کیلس اور سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کو پیچھے چھوڑ دیا، جن کے ہوم گراؤنڈ پر 23، 23 سنچریاں ہیں۔
جو روٹ نے یہ سنگ میل چوتھے دن کے تیسرے سیشن میں بھارتی بالر آکاش دیپ کی گیند پر دو رنز لے کر مکمل کیا۔ 152 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے بنی اس اننگز نے انہیں ایک اور اعزاز بھی دلایا — سابق انگلش لیجنڈ جیک ہوبز کا ایک ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریوں کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا۔ ہوبز نے آسٹریلیا کے خلاف 12 سنچریاں بنائی تھیں جبکہ جو روٹ نے بھارت کے خلاف اب 13 سنچریاں اسکور کر لی ہیں۔

