لاہور (ملک ظہیر کی رپورٹ)ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری اقدامات کے سلسلے میں ناقص کارکردگی اور مبینہ سہولت کاری پر سخت محکمانہ کارروائی کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک سب انسپکٹر کو تنزلی دیتے ہوئے اسسٹنٹ سب انسپکٹربنا دیاجبکہ 19 پولیس اہلکاروں کو سروس ضبطگی کی سزائیں دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ افسران اور اہلکاروں نے منشیات فروشوں کے خلاف درج مقدمات میں عدالتوں میں مکمل اور مؤثر شہادتیں پیش نہیں کیں۔ انکوائری کے دوران الزامات ثابت ہونے پر مذکورہ سزائیں سنائی گئیں۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں سستی اور غفلت برتنے والے افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو افسران ایسے عناصر کے خلاف کارروائی سے گریز کرتے ہیں، وہ خود کو محکمانہ احتساب کے لیے تیار رکھیں۔ایس ایس پی محمد نوید کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل منشیات کی لعنت کا شکار ہو رہی ہے اور اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک صحت مند، باشعور اور منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دینا ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب پولیس اپنا کردار ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کرے۔
منشیات فروشوں کے خلاف شہادتیں پیش نہ کرنے پر 20 اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اقدامات

