رحیم یار خان: شیخانی پولیس پکٹ پر کچے کے ڈاکوؤں کے حملے میں 5 ایلیٹ اہلکاروں شہید ،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا نوٹس، آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو فائرنگ میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے جبکہشہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران شہادت کا رتبہ پانے والے ایلیٹ فورس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھاکہ ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر چھپ کر بزدلانہ حملہ کیا۔پنجاب پولیس کا مورال بلند، بزدلانہ کاروائیاں جانیں قربان کرنے والی پولیس فورس کا مورال پست نہیں کر سکتیں۔
انہوں نے مزید کہا ککچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا، جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہدا میں محمد عرفان، محمد سلیم اور نخیل کا تعلق بہاولنگر جبکہ خلیل اور غضنفر کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔ جبکہ ڈی پی او رحیم یار خان کاکہنا ہے کہ رحیم یارخان پولیس ڈاکوؤں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہے، فائرنگ کے تبادلہ کے دوران ایک حملہ آور ڈاکو مارا گیا۔

