سیالکوٹ (بیورو رپورٹ / سلیم احمد اعوان شیخو)

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق نے تحصیل ڈسکہ کا دورہ کیا اور مختلف سرکاری اداروں کی کارکردگی، عوامی سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ صفت اللہ مروت اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ حمنہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈسکہ کے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات و علاج کے انتظامات اور عملے کی حاضری کا جائزہ لیا جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈسکہ میں شہباز شریف پارک، کینال روڈ کے تعمیراتی منصوبے کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل اور تعمیراتی معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول بھیلو مار کا اچانک دورہ کیا، جہاں اساتذہ کی حاضری چیک کی اور کلاس رومز میں تدریسی عمل، صفائی ستھرائی اور طلبہ کو دستیاب بنیادی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے محکمہ زراعت ڈسکہ کے پرنسپل آفیسر کے دفتر کا بھی دورہ کر کے محکمہ جاتی امور اور عوامی سہولیات کی بہتری سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانے، شہریوں کو معیاری طبی و تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت و معیار یقینی بنانے کے لیے فیلڈ وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ متعلقہ افسران عوامی خدمت میں غفلت نہ برتیں۔


