بے نقاب نیوز (انٹرٹینمنٹ ڈیسک)
بھارتی ٹیلی ویژن کے معروف اداکار اویناش مشرا (Avinash Mishra) نے ساتھی اداکارہ ایشا سنگھ (Eisha Singh) کے ساتھ اپنی علیحدگی کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے اور بریک اپ کی تمام تر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ایشا اور ان کے خاندان سے معافی مانگ لی ہے۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر جاری کیے گئے ایک جذباتی ویڈیو پیغام میں اویناش مشرا نے کہا کہ ان کے اور ایشا کے درمیان علیحدگی میں اگر کسی کی غلطی ہے تو وہ ان کی اپنی ہے اور وہ اس پر شرمندہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے کو ختم کرنے کے لیے سامنے آئے ہیں کیونکہ سوشل میڈیا پر جاری بحث سے ایشا سنگھ، ان کے اہلِ خانہ اور قریبی لوگوں کو تکلیف پہنچ رہی ہے۔
اویناش مشرا کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب حال ہی میں بنگلورو میں ایک ڈی جے ایونٹ کے دوران ان کے گانا "بے وفا نکلی ہے تو” بجانے پر نیا تنازع کھڑا ہو گیا۔ سوشل میڈیا صارفین اور مختلف ایڈٹس کے ذریعے اس گانے کو ایشا سنگھ سے جوڑا جا رہا تھا، جس پر اویناش نے وضاحت دی کہ ان کا مقصد کسی کو نشانہ بنانا یا تکلیف پہنچانا نہیں تھا، تاہم جو کچھ ہوا اس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
اداکار نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے درخواست کی کہ یہ دو افراد کا ذاتی معاملہ ہے، اس لیے ان کے خاندان والوں اور دوستوں کو اس میں نہ گھسیٹا جائے اور نہ ہی انہیں دھمکی آمیز پیغامات یا ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جائے۔ اویناش کے مطابق انہیں اس وقت خود پر کام کرنے اور سنبھلنے کے لیے وقت درکار ہے، اور وہ بہتر ہونے کے بعد ہی دوبارہ واپسی کریں گے۔
اویناش مشرا اور ایشا سنگھ کی دوستی رئیلٹی شو ‘بگ باس 18’ سے شروع ہوئی تھی۔ بعد ازاں دونوں کو میوزک ویڈیوز اور شوز میں ایک ساتھ دیکھا گیا، اور حالیہ دنوں میں انہوں نے اپنے رشتے کی تصدیق بھی کی تھی۔ تاہم انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو کرنے، بے وفائی کے الزامات اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے بیانات کے بعد دونوں کے راستے جدا ہو گئے۔


