لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایک حیران کن اور سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں اپنے ہی تعلیمی ادارے سے انتقام لینے کے جنون میں مبتلا ایک طالب علم نے فلمی مناظر کی طرز پر کالج کی عمارت کو دھماکے سے اڑانے کے لیے مصنوعی ذہانت کے ٹول کلاڈ سے مدد مانگ لی، تاہم عالمی سیکیورٹی سسٹم کے ’ریڈ الرٹ‘ نے اس کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق لاہور کے رہائشی طالب علم حسین عبدالرحمان کو اپنے تعلیمی ادارے سے کسی معاملے پر شدید رنجش اور دشمنی پیدا ہو گئی تھی۔ ملزم چاہتا تھا کہ فلمی مناظر کی طرح کالج کی عمارت اور اس میں موجود افراد دھماکے سے ہوا میں اڑ جائیں اور وہ کہیں بیٹھا سکون سے کافی پیتے ہوئے یہ منظر دیکھے۔
اپنے اس خطرناک ارادے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ملزم نے اے آئی پلیٹ فارم ’کلاڈ‘ کا سہارا لیا اور اس سے عمارت کو اڑانے کے مختلف طریقوں سمیت پوٹاشیم نائٹریٹ اور دیگر کیمیکلز کے استعمال سے دھماکا خیز مواد تیار کرنے کی ترکیب پوچھی۔
اے آئی پلیٹ فارم نے پالیسی کی سنگین خلاف ورزی پر ملزم کو کوئی ترکیب بتانے کے بجائے فوری طور پر اس کا اکاؤنٹ معطل کر دیا، جبکہ سسٹم کے سرور پر ’ریڈ الرٹ‘ جاری ہو گیا کہ کوئی صارف انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بننے والی سرگرمی تلاش کر رہا ہے۔
یہ انتہائی حساس الرٹ بین الاقوامی سیکیورٹی اداروں اور تعاون کے چینلز کے ذریعے فوری طور پر پاکستانی حکام اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی تک پہنچایا گیا۔ مزید برآں ملزم کی جانب سے کالج کو کیمیکلز سے اڑانے اور عمارت کو آگ لگانے کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں، جس کے باعث تعلیمی ادارے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
ڈیفنس فیز 5 میں چھاپہ، ملزم کا اعترافِ جرم اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور عاطف امیر کی سربراہی میں ٹیکنیکل ٹیم نے مذکورہ اکاؤنٹ کا تفصیلی تکنیکی تجزیہ کیا، جس کے نتیجے میں ملزم کے آئی پی (IP) ایڈریس کا سراغ لاہور سے جا ملا۔
تکنیکی شواہد کی روشنی میں این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ڈیفنس فیز فائیو بیدیاں روڈ کے قریب چھاپہ مار کر ملزم حسین عبدالرحمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے وہ موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے جس پر متعلقہ ای میل اکاؤنٹ لاگ ان حالت میں موجود تھا، تاہم چھاپے کے دوران موقع سے کوئی دھماکا خیز مواد یا سامان برآمد نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے تعلیمی ادارے کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔
لاہور:’اے آئی کے ذریعے‘ تعلیمی ادارے پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام، فرسٹ ایئر کا طالب علم AI کے ذریعے ہی گرفتار


