تہران / قم:
ایران میں 29 سالہ معروف خاتون گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کی موسیقی کی پروڈکشن ٹیم کے چار ارکان کو پیر، 23 نومبر 2026 کو قم کے شہر میں 74، 74 کوڑے مارنے کی سزا پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔ گلوکارہ کے وکیل مصطفیٰ نیلی نے سزا پر عمل درآمد کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی دسمبر 2024 میں نشر کیے گئے ایک آن لائن کنسرٹ کے کیس میں کی گئی، جس میں پرستو احمدی نے تاریخی کاروان سرائے (دیر گچین، قم) میں مرد موسیقاروں کے ہمراہ بغیر لازمی حجاب کے پرفارم کیا تھا۔ یوٹیوب پر جاری ہونے والی اس ویڈیو کو بڑے پیمانے پر دیکھا گیا تھا۔جون 2026 میں قم کی ایک فوجداری عدالت نے گلوکارہ اور ان کے ساتھیوں کو "عوامی اخلاقیات کے خلاف مواد تیار اور نشر کرنے” کے الزام میں مجرم قرار دیتے ہوئے 74 کوڑوں کی سزا سنائی تھی، جسے ستمبر میں اپیل مسترد ہونے کے بعد برقرار رکھا گیا۔عدالتی فیصلے کے تحت کوڑوں کی سزا کے علاوہ پرستو احمدی اور ان کی ٹیم پر دو سال کے لیے موسیقی و فنکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے اور بیرونِ ملک سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایران میں 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے خواتین کے عوامی سطح پر سولو گانے پر پابندی عائد ہے۔


