اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک ایئرویز (Norse Atlantic Airways) کو درپیش شدید مالی مشکلات کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا برطانیہ اور یورپ کے لیے فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ لیز معاہدے کے تحت طیارے کی عدم دستیابی کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے متبادل انتظامات کرتے ہوئے فلائٹ شیڈول میں تبدیلیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پرواز کے لیے نورس اٹلانٹک کا ویٹ لیز (Wet-lease) پر حاصل کردہ طیارہ دستیاب نہ ہو سکا، جس کے باعث قومی ایئرلائن کو ہنگامی طور پر اپنا بوئنگ 777 طیارہ استعمال کرنا پڑا۔ اسی طرح لندن سے اسلام آباد آنے والی پرواز (PK-786) میں بھی دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا اور ذرائع کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی آئی اے نے بوئنگ 777 کے پائلٹس اور فضائی عملے کو داخلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ 24 اور 25 نومبر کو لندن سے اسلام آباد آنے والی پروازوں کے لیے بھی نورس اٹلانٹک کے ڈریم لائنر کے بجائے پی آئی اے کے اپنے بوئنگ 777 طیارے شیڈول کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نورس اٹلانٹک کو بھاری مالی خسارے اور ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث معاہدہ ختم ہونے کی صورت میں پی آئی اے کو کئی ملین ڈالر کے ممکنہ نقصان کا بھی خدشہ ہے، تاہم پی آئی اے کے ترجمان نے اس معاملے پر فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے نے رواں سال اکتوبر میں برطانیہ کے روٹس پر گنجائش بڑھانے کے لیے نورس اٹلانٹک سے دو بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے ویٹ لیز (ACMI) پر حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جن کا آپریشن نومبر کے اوائل میں شروع ہوا تھا۔ تاہم اب نارویجن کمپنی کے مالی بحران کے باعث اس معاہدے کے تسلسل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔


