سیالکوٹ :سیالکوٹ کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں نامزد ملزم مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ موترہ پولیس نے مقدمہ نمبر 1335/26 میں نامزد دونوں ملزمان کو تیسری پیشی پر سخت سیکیورٹی حصار میں ڈسکہ کی مقامی عدالت میں پیش کیا۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ امانت علی نے کی۔
دونوں ملزمان کا مجموعی طور پر 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد انہیں تیسری مرتبہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سماعت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں بھائیوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔
عدالتی احکامات کے بعد تھانہ موترہ پولیس نے مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کو سخت سیکیورٹی میں جیل منتقل کردیا۔
یہ مقدمہ ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 2 افراد کی ہلاکت کے واقعے سے متعلق ہے۔

