امپھال (ویب ڈیسک)
بھارتی ریاست منی پور کے ضلع چاندیل میں زہریلی شراب کے استعمال سے کم از کم 11 افراد ہلاک جبکہ 300 سے زائد افراد متاثر ہو کر مختلف اسپتالوں میں داخل کرا دیے گئے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعات گزشتہ تین روز کے دوران ضلع چاندیل کے علاقے چاکپیکارونگ اور گردونواح میں پیش آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متاثرہ افراد نے مشتبہ شراب پڑوسی ضلع کاچنگ کے علاقے سگنو سے خریدی تھی، تاہم زہر کی حتمی نوعیت کی طبی اور سائنسی تصدیق کا عمل جاری ہے اور میتھانول زہر کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔زیادہ تر متاثرہ افراد کو دارالحکومت امپھال کے شیجا اسپتال اور بابینا اسپتال سمیت دیگر طبی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق مریضوں میں چکر آنے، شدید پیٹ درد اور دیگر پیچیدگیاں سامنے آئی ہیں، جبکہ بعض تشویشناک مریضوں کا ڈائیلاسز بھی کیا جا رہا ہے۔متاثرین کی بڑی تعداد کے باعث مقامی سطح سے مریضوں کو امپھال لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ منی پور کے وزیر اعلیٰ یمنم کھیم چند سنگھ نے شیجا اسپتال اور بابینا اسپتال کا دورہ کر کے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی، بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت دی اور واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے شہریوں کو مشکوک شراب سے دور رہنے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے علامات ظاہر ہونے یا متاثرہ ذریعہ سے شراب پینے کی صورت میں فوری طبی معائنے کا مشورہ دیا ہے۔

