اسلام آباد/لاہور: پنجاب کے سیاست میں ہلچل ،،،ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر اور سابق رکن قومی اسمبلی مہر سعید ظفر نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ق) میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
شمولیتی تقریب میں پارٹی رہنما چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر محمد امجد، غلام مصطفیٰ ملک اور مسز فرخ خان سمیت دیگر سینئر مسلم لیگی رہنماؤں نے شرکت کی اور مہر سعید ظفر کو پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مہر سعید ظفر جیسے تجربہ کار اور سینئر سیاستدان کی شمولیت سے مسلم لیگ کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست اور سوچ کا محور عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کا قیام ہونا چاہیے۔
پنجاب کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کرپشن اور بدانتظامی سے نالاں ہیں، انہوں نے صرف عوامی جذبات کی ترجمانی کی ہے لیکن ان کے بیان کو غلط معنی پہنائے گئے اور ایک عوامی مسئلے کی نشاندہی کو سازش کا حصہ قرار دینے کا بیانیہ گھڑا گیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ انہوں نے ہرجانے کے نوٹس کا جواب دے دیا ہے اور اگر عدالت نے طلب کیا تو وہ تمام ثبوت بھی عدالت میں پیش کریں گے۔
اس موقع پر مہر سعید ظفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری سالک حسین کا کرپشن کے خلاف ڈٹ جانا ایک شاندار اقدام ہے اور انہوں نے کلمۂ حق کہہ کر عوام کے دلوں کی ترجمانی کی ہے۔
انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں چوہدری ظہور الٰہی شہید کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے اور آج چوہدری ظہور الٰہی شہید کے جانشین کے ساتھ مسلم لیگ میں شامل ہو کر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ مہر سعید ظفر نے دعویٰ کیا کہ چوہدری سالک حسین کا کرپشن مخالف بیانیہ تیزی سے مقبول ہو رہا ہے جس کے باعث عوامی نمائندے مسلم لیگ کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں، اور آنے والے دنوں میں مزید کئی سابق اراکینِ اسمبلی اور معروف سیاستدان پارٹی میں شامل ہوں گے۔

