کراچی (بیورو چیف سندھ/ قیصر راجہ راجپوت)
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں آبادی کے تناسب سے نئے صوبے اور انتظامی یونٹس قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، جبکہ صوبے بھی ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کی طرح انتظامی اکائیاں ہیں اور نئے صوبوں کا قیام ایک سیاسی و جمہوری معاملہ ہے، جسے آئینی اور پارلیمانی طریقے سے حل ہونا چاہیے۔
مرکز بہادرآباد میں سینئر مرکزی رہنماؤں امین الحق، وسیم اختر، قائد حزب اختلاف سندھ علی خورشیدی اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سانحہ مشرقی پاکستان کے بعد ایک طلبہ تنظیم نے نئے صوبوں کا مطالبہ کیا تھا۔ چونکہ ون یونٹ کے خاتمے کے بعد موجودہ صوبے لسانی بنیادوں پر تشکیل دیے گئے، اس لیے ایم کیو ایم کا واضح مؤقف ہے کہ آبادی میں اضافے کے پیش نظر ملک بھر میں نئے صوبے اور انتظامی یونٹس بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں نے برسوں پہلے جن مسائل اور مطالبات کی نشاندہی کی تھی، آج وہی آواز پورے ملک سے اٹھ رہی ہے۔ پاکستان کو ملت اسلامیہ کے لیے ایک ماڈل بننا تھا، تاہم بدانتظامی اور کرپٹ نظام کی وجہ سے ملک آج اس صورتحال سے دوچار ہے۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر ایوانوں اور میڈیا میں ہونے والی گفتگو کو سڑکوں پر لانے کی کوشش سندھ کے حکمرانوں کے فیصلے پر منحصر ہے، لیکن اس معاملے کو سیاسی اور جمہوری طریقے سے ہی آگے بڑھنا چاہیے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت میں صدیوں کا فاصلہ ہے اور پاکستان میں طویل عرصے سے جاگیردارانہ جمہوریت اور خاندانی حکمرانی کا نظام مسلط رہا ہے۔ جس ایوان میں کسان کی نمائندگی جاگیردار اور مزدور کی نمائندگی سرمایہ دار کرے، اسے حقیقی جمہوریت قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں 1970ء سے تقسیم موجود ہے اور پیپلز پارٹی نے دیہی و شہری کوٹے کا نظام متعارف کرایا، جبکہ 1970ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے مشرقی پاکستان میں حصہ ہی نہیں لیا تھا۔
چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے سوال اٹھایا کہ جب پورے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہو رہی ہے تو خونریزی کا خدشہ صرف شہری سندھ کے معاملے میں کیوں ظاہر کیا جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ سندھ کے ریونیو کا 97 فیصد حصہ کراچی اور باقی شہری سندھ سے حاصل ہوتا ہے اور شہری سندھ کے عوام کسی کے ہاری یا غلام نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2008ء میں اس وقت کے صدر نے کراچی کی آبادی تین کروڑ بتائی تھی، جس کی تائید اس وقت کے چیف جسٹس، کور کمانڈر اور اقوام متحدہ کے اداروں کے اعدادوشمار بھی کرتے رہے ہیں، جبکہ سندھ کی تقریباً 65 فیصد آبادی شہری علاقوں میں آباد ہے اور اکثریت نئے انتظامی یونٹس کے حق میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا ارادہ آئین میں درج ہے مگر موجودہ طریقہ کار قابلِ عمل نہیں، کیونکہ کوئی صوبہ اپنے اختیارات اور حیثیت میں تبدیلی کے لیے خود قرارداد منظور نہیں کرے گا۔ اس سلسلے میں کشور زہرا کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں یہ اختیار صوبائی اسمبلیوں کے بجائے قومی اسمبلی کو دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جو تاحال قائمہ کمیٹی میں موجود ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا کہ ہم بلاول کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں اور بات چیت کے لیے تیار ہیں، تصادم نہیں چاہتے لیکن اپنے حقوق سے دستبردار بھی نہیں ہوں گے اور قانونی، عدالتی و پارلیمانی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہری سندھ کے عوام اپنی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور ماضی میں بھی قربانیاں دے چکے ہیں، جبکہ پاکستان کی تقسیم کی بات غداری ہے لیکن انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی تشکیل کو غداری قرار دینا درست نہیں۔
پریس کانفرنس میں وسیم اختر، سید امین الحق، علی خورشیدی، شریف خان، ارشاد ظفیر، ارشد حسن، سینیٹر عامر چشتی، احمد سلیم صدیقی، اظہار الحسن، صبیحہ غوری، افتخار عالم اور دیگر مرکزی رہنما بھی شریک تھے۔

